اہلیہ نے جولین اسانج کو وطن واپسی کے فوری بعد پریس کانفرنس سے روک دیا

جمعرات 27 جون 2024 10:10

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2024ء) وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی اہلیہ سٹیلا اسانج نے اپنے شوہر کو وطن واپسی کے فوری بعد پریس کانفرنس سے روک دیا۔ اردو نیوز کے مطابق جولین اسانج آسٹریلوی دارالحکومت میں اپنی آمد کے فوراً بعد ایک نیوز کانفرنس کرنا چاہتے تھے، تاہم ان کی اہلیہ نے کہا کہ ان کے شوہر کو پانچ سال سے زائد عرصے تک لندن کی ایک جیل میں رہنے کے بعد صحت یاب ہونے کے لیے پرائیویسی اور وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ آپ کو سمجھنا ہوگا، انہیں وقت کی ضرورت ہے، انہیں صحت یاب ہونے کی ضرورت ہے۔ میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ ہمیں وقت دیں، ہمیں پرائیویسی دیں تاکہ کہ جولین اسانج اپنے وقت کے حساب سے آپ کے ساتھ بات کر سکیں۔

(جاری ہے)

سٹیلا اسانج نے کہا کہ جولین اسانج کو صحت اولین ترجیح ہے اور حقیقت یہ ہے کہ جولین ہمیشہ انسانی حقوق کا دفاع کریں گے ، ہمیشہ متاثرین کا دفاع کریں گے۔

جولین اسانج امریکی بحرالکاہل کے علاقے شمالی ماریانا جزائر کی عدالت سے رہا ہونے کے چند گھنٹوں بعد ایک پرائیویٹ جیٹ سے گزشتہ روز آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا پہنچے۔انہوں نے امریکی دفاعی راز افشا کرنے کا اعتراف کیا تھا جس کے بعد انہیں5سال اور 2 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ یاد رہے کہ عدالتی دستاویزات کے مطابق وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے رہائی کے بدلے فوجی راز افشا کرنے کے لیے امریکی عدالت میں اعتراف جرم پر رضامندی ظاہر کی۔ جولین اسانج پر افغانستان اور عراق کی جنگوں سے متعلق امریکی فوجی راز افشا کرنے کا الزام تھا۔