Live Updates

آپریشن عزم استحکام ملک کی ضرورت ہے،ملک احمد خان

آئین کوئی کتاب نہیں کہ اس کو پکڑ کے قسم کھالی جائے، آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے،سیاسی جماعتوں کو قومی سلامتی کے مسائل پر یکجا ہونا چاہیے،قائم مقام گورنر پنجاب کا تقریب میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 6 جولائی 2024 12:57

آپریشن عزم استحکام ملک کی ضرورت ہے،ملک احمد خان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06جولائی 2024 ) قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ آئین کوئی کتاب نہیں کہ اس کو پکڑ کے قسم کھالی جائے، آپریشن عزم استحکام ملک کی ضرورت ہے، آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے،اپوزیشن آئین کے دائرے میں شوق سے احتجاج کرے ، ٹوکن احتجاج ہوتے رہتے ہیں،ہم بھی احتجاج کیاکرتے تھے۔

لاہور میں ایجوکیشن ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا کہ آج کے دور میں کتاب کی اہمیت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے۔آئین کوئی ایسی کتاب نہیں جسے ہاتھ میں اٹھاکر پھرتے رہیں یا اس پر قسم کھالیں، آئین کو لیکر گھومنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اس پر اصل شکل میں عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

قائم مقام گورنرپنجاب نے کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا آپریشن عزم استحکام کے معاملے پر وزیراعظم کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کا اعلان خوش آئند ہے ۔سیاسی جماعتوں کو قومی سلامتی کے مسائل پر یکجا ہونا چاہیے۔دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آپریشن عزم استحکام کی حمایت تمام سیاسی جماعتوں کو کرنی چاہئے ۔ قومی ایشو پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ہونا وقت کی اشد ضرورت ہے ۔

آپریشن عزم استحکام کے معاملے پر پوائنٹ سکورنگ نہ کی جائے ۔ پارلیمنٹ ملک کا اعلیٰ ترین فورم ہے۔پوری قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا اور انہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آئین پاکستان کی حرمت کا احترام کیے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، ملک کا اعلیٰ ترین فورم پارلیمنٹ ہے۔اپوزیشن آئین کے دائرے میں رہ کر احتجاج کا شوق جب مرضی پورا کرے ہم اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن ایوان میں گالم گلوچ کی اجازت بالکل نہیں کی جائیگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات