پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی روابط بڑھنے سے دونوں ممالک میں معاشی استحکام آئے گا، آفتاب شیرپاؤ

اتوار 7 جولائی 2024 18:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2024ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین اور سابق وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی روابط بڑھنے سے نہ صرف دونوں ممالک میں معاشی استحکام آئے گا بلکہ بہترین تعلقات کی بھی ضامن ہے۔ وطن کور پشاور میں ضلع خیبر کے پارٹی عہدیدار کاشف شنواری نے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے ملاقات کی اور پارٹی چیئرمین کو پاک افغان بارڈرکے حوالے صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ عارضی داخلہ اسناد کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت بند ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے تاجروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نئے ڈاکومنٹس کے کی وجہ سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انھوں نے فوڈ ڈیوٹی میں اضافہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین تجارتی روابط بڑھانے کیلئے ساز گار ماحول پیدا کیا جائے کیونکہ تجارتی اورمعاشی سرگرمیاں بحال ہونے سے دونوں ممالک کے مابین نہ صرف پیدا ہونے والی غلط فہمیوں میں کمی آئے گی بلکہ دونوں ممالک میں معاشی خوشحالی آئے گی جوکہ پاکستان اور افغانستان کے عوام کی بہتری کا ضامن ہے۔