کل جماعتی حریت کانفرنس کامقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش

بدھ 10 جولائی 2024 17:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کاذمہ دارعلاقے میں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوںکی موجودگی کوقرار دیا ہے جنہیں کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی، پیراملٹری اور پولیس اہلکار مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کررہے ہیں،گھروں پر چھاپے مارہے ہیں اوربے گناہ شہریوں کو گرفتار کر کے ان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

عبدالرشیدمنہاس نے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کے لیے کشمیریوں کے خلاف فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال کرنے پر بھارت کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضی علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دبا ئوڈالے۔دریں اثناءمقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض حکام نے امرناتھ یاتریوں کی سکیورٹی کی آڑ میں پابندیاں مزید سخت اور سرینگر جموں شاہراہ پر پیراملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔

ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی اورمیٹل ڈیٹیکٹر ز کے استعمال سمیت لوگوں کی نقل وحرکت پرکڑی نظررکھی جارہی ہے۔ مقامی لوگ ان کارروائیوں کوامرناتھ یاتریوں کے تحفظ کی آڑ میں عام لوگوں کو نشانہ بنانے کے ہتھکنڈے قراردے رہے ہیں۔ بھارتی فوجیوں نے کولگام، اسلام آباد، گاندربل، بانڈی پورہ، بارہمولہ، کپواڑہ، کٹھوعہ، ڈوڈہ، سانبہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں جارحانہ فوجی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

مقامی لوگوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران بے گناہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ انہیں گرفتار کیا جاتا ہے اور املاک کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔نئی دہلی میں قائم کنفیڈریشن آف ایکس پیراملٹری فورسز ویلفیئر ایسوسی ایشنز کی ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2011سے 2023 تک بھارتی پیراملٹری فورسزکے 1ہزار5سو32اہلکاروں نے خودکشی کی جبکہ2014سے 2023کے درمیان صرف سی آر پی ایف کے 430اہلکاروں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بھارت کی مسلح پولیس فورسز کے 46ہزار 9سو60اہلکارنوکری چھوڑ کر چلے گئے جس سے ان فورسز کو درپیش مسائل کی نشاندہی ہوتی ہے۔ رواں برس اب تک بھارت کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج ، پیراملٹری فورسز اورپولیس کے 21 اہلکار خودکشی کر چکے ہیں۔