ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ایم این ایز ،سینیٹرز اور اقلیتی رہنماؤں پر مشتمل مختلف وفود کی ملاقاتیں

بدھ 10 جولائی 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2024ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اپنی جان کی بازی لگا کر ملک کے دفاع کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں ، گزشتہ روز پاک فوج کے افسر اور جوانوں نے شر پسند عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ،   ان کی شہادت پر ملک و قوم کو فخر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم این ایز ،سینیٹرز اور اقلیتی رہنماؤں پر مشتمل مختلف وفود سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقاتوں کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان اپنی جان کی بازی لگا کر ملک کے دفاع کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاک فوج کے ایک جوان افسر اسامہ شہید ہوئے ،ان کی شہادت پر ملک و قوم کو فخر ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم ان کے خاندان کے ساتھ  اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، دہشت گرد ترقی کے دشمن ہیں، وہ پاکستان کی ترقی سے خائف ہیں تاہم پاکستان کی سکیورٹی فورسز ،عوام ،حکومت اور پارلیمنٹ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہیں ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان ہی ہمارے مسائل کے حل کے لئے ہمیں اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے ،پارلیمان ایک ایسا فورم ہے جہاں ہم ڈائیلاگ اور تبادلہ خیال کے ذریعے ایک دوسرے کو سن سکتے ہیں اور یہی وہ فورم ہے جو تحمل و برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے اہم ثابت ہو سکتا ہے انہوں نے اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے جو لائحہ عمل اختیار کیا ہوا ہے اس سے قوی امکان ہے کہ ہم ان مشکلات پر قابو پا لیں گے جو ہمیں اقتصادی اور معاشی شعبوں میں درپیش ہیں ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ کو یہ بھی یقین دلایا کہ ایوان بالا تمام صوبوں کے لئے مؤثر آواز بن کر اٹھے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایوان بالا ایک ایسا فورم ہے جہاں پر تمام صوبوں کی برابر کی نمائندگی ہے اور یہی فورم ہے جہاں سے ہم موثر انداز میں صوبوں کے خاص طور پر پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کی اواز کو موثر انداز میں اقتدار کے ایوانوں تک پہنچا سکتے ہیں ۔

وفود نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور ان کے خیالات کو سراہا ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر سب کا شکریہ بھی ادا کیا ۔جن اراکین پارلیمنٹ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ملاقاتیں کی ان میں کوہستان سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے رکن ادریس خان ، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ ،سابق سینیٹر نہال ہاشمی سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے آئے وفود عبدالشکور اچکزئی اور اقلیتی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔