پنجاب میں آج سے 20 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی

عاشورہ کے موقع پر تمام ریسکیو اداروں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت

منگل 16 جولائی 2024 16:00

پنجاب میں آج سے 20 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2024ء) پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں منگل سے 20 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور عاشورہ کے موقع پر تمام ریسکیو اداروں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کررکھی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 10 محرم الحرام کو ممکنہ مون سون بارشوں کے باعث انتظامیہ کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، عاشورہ کے موقع پر تمام ریسکیو ادارے الرٹ رہیں گے، جب کہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خستہ حال چھتوں اور بوسیدہ عمارتوں میں محافل کے انعقاد سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، آئندہ دو روز کے دوران شہر کا موسم گرم اور خشک رہے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرکا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، شمال مغربی سمت سے 11 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں بھی گرمی کا راج برقرار رہا، درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیاکے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 27 نمبر پر موجود رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت مطلع جزوی ابر آلود رہا شمال مغربی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جاتی رہی، ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18 جولائی سے شہر میں مون سون ہواؤں کا ایک اور اسپیل داخل ہوگا، 20 جولائی سے شہر میں تیز بارش متوقع ہے۔