نواز شریف کے ایک اور دیرینہ ساتھی نے ن لیگ کو خیرباد کہہ دیا

نواز شریف صاحب سب کچھ اچھا نہیں ہے، سابق ن لیگی سینیٹر آصف کرمانی کا پیغام

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 جولائی 2024 23:32

نواز شریف کے ایک اور دیرینہ ساتھی نے ن لیگ کو خیرباد کہہ دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2024ء) نواز شریف صاحب سب کچھ اچھا نہیں ہے، نواز شریف کے ایک اور دیرینہ ساتھی نے ن لیگ کو خیرباد کہہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اپنے سینئر رہنما سے محروم ہو گئی۔ سابق ن لیگی سینیٹر آصف کرمانی کی جانب پارٹی کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نواز شریف کے سابق پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی نے پاکستان مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ کافی عرصے سے خود کو مسلم لیگ ن کے سیاسی معاملات سے علیحدہ کرچکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف صاحب! سب اچھا نہیں ہے۔ تفصیلی بیان جلد جاری کروں گا۔ عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں سے مر رہے ہیں، خوشامدی ٹولہ سب اچھا کی گردان کر رہا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران مسلم لیگ ن کے کئی سینئر رہنما اور نواز شریف کے پرانے ساتھی پارٹی سے راہیں جدا کر چکے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق گورنر خیبرپختونخواہ سردار مہتاب عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ کر اپنی الگ سیاسی جماعت بنا چکے۔ جبکہ ن لیگ کے مزید کئی رہنما پارٹی سے راہیں جدا کر چکے۔