دعوت اسلامی اور فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن نے نیشنل پریس کلب میں پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

جمعہ 26 جولائی 2024 22:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2024ء) دعوت اسلامی کی مرکزی شوری ٰ کے رکن حاجی اظہر عطاری اور فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن (ایف جی آر ایف) کے محمد عامر عطاری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پودا لگاکر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا ۔اس موقع پر اے این پی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین، صدر این پی سی اظہر جتوئی، جوائنٹ سیکرٹریز جاوید بھاگٹ، طلعت فاروق، آر آئی یو جے کے سینئر نائب صدر راجہ بشیر احمدعثمانی، ممبر گورننگ باڈی اظہار الحق خان نیازی، سینئر صحافیوں جہانگیر منہاس،ٹکا خان ثانی، راجہ شوکت ، مجاہد بھٹی سمیت دیگر صحافی بھی موجود تھے۔

دعوت اسلامی کےرکن شوری ٰ حاجی اظہر عطاری نے کہا کہ دعوت اسلامی اور ایف جی آر ایف کے زیر اہتمام ملک بھر میں بارہ لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے جن میں سے پانچ لاکھ پودے صرف پنجاب میں لگائے جائیں گے، گزشتہ سالوں میں ایف جی آر ایف کے تحت ملک بھر میں ستائیس لاکھ سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں ، شجر کاری مہم کے دوران ماحول دوست اور پھلدار پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ ہمارا ملک گلوبل وارمنگ سے بچ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دعوت اسلامی کےملک بھر میں پندرہ ہزار ادارے چھ لاکھ طلباء کو درس و تدریس کے علاوہ ملک اور قوم کی تعمیر و ترقی کے کاموں میں آگے بڑھ کر کام کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ دعوت اسلامی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنی شجرکاری مہم کا آغاز اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب سے کیا ہے، درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، یہ ماحول کو بہتر بنانے میں مدد گار ہوتے ہیں ،ان سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باچا خان نے قیام پاکستان سے قبل ہری پور جیل، ڈی آئی خان جیل اور پشاور جیل میں پودے لگائے تھے۔ نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی نے کہا کہ دعوت اسلامی کا شجرکاری مہم کا آغاز خوش آئند ہے، اس سے نہ صرف وطن عزیز کا ماحول بہتر ہو گا بلکہ ہماری آنے والی نسلیں بھی گلوبل وارمنگ سے محفوظ ہوں گی۔