حکومت مالداروں کی سبسڈی ختم کرکے غریبوں کو دے، سعید راجپوت

ہفتہ 27 جولائی 2024 17:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2024ء) سول سوسائٹی ایسوسی ایشن آف پاکستان (CSAP) کے چیئرمین سعید راجپوت نے کہا ہے کہ IMF نے واضح کیا ہے کہ ہمارا مطالبہ طاقتور دولت مند طبقہ سے ٹیکس وصولی ہے، کمزور اور کم آمدنی والے طبقہ کو سبسڈی دینے پر IMF کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت میں جاری ایک بیان میں کیا۔

سعید راجپوت نے کہا کہ غریب کا زندہ رہنا ناممکن بنا دیا گیا ہے، لوگ اپنی جمع پونجی خرچ کرکے یا قیمتی اشیاء بیچ کر بل ادا کررہے ہیںاور زیورات فروخت کرکے زندگی کی گاڑی چلانے پر مجبور ہیں، پاکستانیوں کی اکثریت کیلئے بجلی و گیس کے بل ناقابل برداشت ہوچکے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پورے خطے میں سب سے زیادہ پاکستان میں ہیں، بحیثیت ریاست پاکستان کیلئے خوشی کی بات ہے کہ جماعت اسلامی کے لوگ پر امن اور عدم تشدد پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں، انسانی حقوق کی تنظیم ہونے کے ناطے ہمارے لئے یہ بات باعث اطمینان ہے کہ پاکستان میں بنگلہ دیش جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں IPP's کے مالکان میاں منشاء ، جہانگیر ترین، سلیم سیف اللہ خان، انور سیف اللہ خان، ندیم بابر اور حسین داؤد گروپ اور سلمان شبہباز سے اپیل ہے کہ پاکستان کیلئے اور پاکستان کے عوام کیلئے قربانی دیں، لوگ خود کشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں، غریب کیلئے زندہ رہنا ناممکن ہوچکا ہے۔ سعید راجپوت نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے منہ سے نکل کر آیا ہے یوں سمجھیں وطن عزیز پاکستان کو نئی زندگی ملی ہے ایسے میں دولت مند طبقے کو شکرانے کے طور پر قربانی دیتے ہوئے اضافی مراعات سے دستبردار ہونا چاہئے اور پاکستان کیلئے قربانی دینی چاہئے۔