کراچی میں سردار گھرانے کے شخص کو زخمی کرنے پر ایک کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد

منگل 30 جولائی 2024 17:09

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2024ء) کراچی میں ایک سال قبل حملے میں زخمی ہونے والے ارشاد پہنور کے ورثا کے پاس منت سماجت قافلہ پہنچا، سردار گھرانے کے شخص کو زخمی کرنے کا ایک کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک سال قبل پیپلز پارٹی کے سینیٹر محمد اسلم ابڑو کے بھائی پر حملہ کرکے بھائی محمد اکرم ابڑو اور بھتیجے شہریار ابڑو کو قتل کیا گیا تھا جبکہ فائرنگ سے پہنور برادری کے سرداری گھرانے سے تعلق رکھنے والا ارشاد پہنور شدید زخمی ہوا تھا، پہنور برادری کے زخمی ہونے والے شخص کے معاملے پر گزشتہ روز شاہوانی برادری منت سماجت کا قافلہ لیکر کوئٹہ میں میر جان محمد جمالی کی رہائشی گاہ پر میر اصغر خان پہنور کے پاس پہنچے، شاہوانی برادری کے قافلے میں پرنس آغا عمر، سردار عمر گرگیج، نواب ظفر اللہ شاہوانی، پیر خالد سلطان، سردار ربنواز کرد، سردار جاوید لہڑی سمیت دیگر قبائلی و سیاسی شخصیات شامل تھی، اس موقع پر شاہوانی برادری نے موقف اختیار کیا گیا کہ میر ارشاد پہنور پر حملہ نہیں کیا گیا تھا غلط فہمی کی بنیاد پر وہ واقعے میں زخمی ہوا تھا جس کی وجہ سے منت سماجت قافلہ لیکر پہنچے ہیں جس پر وہاں موجود پہنور خاندان نے منت سماجت قافلے کو مان دیتے ہوئے زخمی کرنے کا جرمانہ معاف کردیا، جبکہ زخمی ارشاد پہنور کے علاج پر خرچ ہونے والی رقم ایک کروڑ 30 لاکھ روپے شاہوانی برادری پر مقرر کی گئی جس میں سے موقع پر 55 لاکھ معاف کئے گئے، اس سلسلے میں میر اصغر خان پہنور کے بیٹے شجاع اللہ پہنور نے صحافیوں کو بتایا کہ میرا بھائی کراچی میں ہونے والے حملے میں زخمی ہوا تھا سرداری گھرانے کے فرد کو زخمی کرنے کا جرمانہ 16 خون کے برابر ہے جس کی رقم 3 کروڑ 60 لاکھ روپے بنتی ہے لیکن منت سماجت قافلہ آنے کی وجہ سے ہم نے انہیں معاف کردیا جبکہ 1 کروڑ 30 لاکھ روپے علاج کا جرمانہ عائد کیا گیا جس میں سے بھی 55 لاکھ روپے معاف کئے گئے، جبکہ شاہوانی برادری یہی قافلہ جیکب آباد بھی بھیجے گی جس کے بعد مشاورت کے بعد مزید رقم بھی معاف کی جائے گی، واضح رہے کہ ایک سال قبل کراچی کے ڈیفنس کے علاقے میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر محمد اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو کی گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا جس میں اکرم ابڑو ان کا بیٹا شہریار ابڑو شہید ہوگئے تھے جبکہ میر ارشاد پہنور زخمی ہوگیا تھا۔