پنجاب میں مزید بارش کا امکان ،انتظامیہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ رہے ،ترجمان پی ڈی ایم اے

منگل 30 جولائی 2024 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2024ء) پنجاب کے اکثر اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے،بڑے شہروں کی انتظامیہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ رہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں میں لاہور،قصور،بہاولپور،فیصل آباد،خان پور،منڈی بہاوالدین سرگودھا،ٹوبہ ٹیک سنگھ،سیالکوٹ،نارووال اور گوجرانولہ میں بارش ہوئی،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کا سلسلہ آج (31جولائی تک) بھی جاری رہنے کے امکانات ہیں تاہم پنجاب کے تمام دریائوں،ندی نالوں،ڈیمز اور بیراجز میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے،منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 58 فیصد اور تربیلا میں 70 فیصد ہے جبکہ ستلج ،بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 39 فیصد تک ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی پی ڈی ایم عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ رہے ۔انہوں نے کہا کہ ولنرایبل اضلاع میں ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال مانیٹر کر رہے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے التماس کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں،خراب موسم میں غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کی کراسنگ سے گریز کریں،بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاضلہ رکھیں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔