Live Updates

دھرنا پارلیمان سے اٹھا کر سپریم کورٹ کے سامنے لے کر جائیں، فواد چوہدری کا پی ٹی آئی کو مشورہ

ممبر قومی اسمبلی سمیت تحریک انصاف کے 25 لوگ مسنگ پرسنز ہیں لیکن پارٹی کا رد عمل مایوس کن ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 اگست 2024 13:11

دھرنا پارلیمان سے اٹھا کر سپریم کورٹ کے سامنے لے کر جائیں، فواد چوہدری ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اگست 2024ء ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پی ٹی آئی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ دھرنا پارلیمان سے اٹھا کر سپریم کورٹ کے سامنے لے کر جائیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ممبر قومی اسمبلی سمیت تحریک انصاف کے 25 لوگ مسنگ پرسنز ہیں لیکن پارٹی کا رد عمل مایوس کن ہے، اس حوالے سے انفرادی رد عمل انتہائی نا کافی ہے، اس کی بجائے نا صرف بحیثیت جماعت سپریم کورٹ جانا چاہیئے بلکہ اپنا دھرنا پارلیمان سے اٹھا کر سپریم کورٹ کے سامنے لے کر جائیں، اب تک اپوزیشن اتحاد بنانے میں پی ٹی آئی کی ناکامی نے جمہوریت کو زبردست نقصان پہنچایا، حکومت اغواء سے لے کر قانون سازی تک آزاد بھاگ رہی ہے، کوئی مزاحمت نہیں کوئی احتجاج نظر نہیں آتا، عدلیہ پر بھرپور حملے کے ساتھ پاکستان مکمل آمرانہ نظام میں بدل جائے گا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ حامد خان بزرگ آدمی ہیں میں تو ان پر زیادہ بات نہیں کرتا بس بیک گراؤنڈ بتاتا رہتا ہوں کہ حامد خان سے "پرانی محبت" ہے، جب میرے چچا لاہورہائیکورٹ کے چیف جسٹس تھے تو اس وقت ہائیکورٹ کے سامنے کچھ زمین تھی جو خالی کرائی گئی تھی، اس زمین پر حامد خان کے لوگ بیٹھے تھے اور حامد خان چاہتے تھے وہ زمین خالی نہ کرائی جائے لیکن وہ زمین خالی کرائی گئی تواس وقت سے حامد خان کو ہم پلانٹڈ لگتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اس حکومت کو تو ہر صورت گھر جانا ہے، حکومت تین چار ماہ میں رخصت ہوجائے گی، اس متعلق آنے والے 40 سے 45 دنوں میں صورت حال واضح ہو جائے گی، تاہم اس وقت حکومت کی مذاکرات کی پیشکش کو پی ٹی آئی کی جانب سے مثبت طریقے سے نمٹنا چاہیے، ملک میں سیاسی ماحول بہتر ہونا چاہیے، اس مقصد کے لیے عمران خان کا آرمی چیف کو پیغام نہایت خوش آئند ہے، اس بیان سے پی ٹی آئی کا نام استعمال کرکے بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کرنے والے یتیم ہوگئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات