لاہور میں شدید بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، وزیراعلیٰ کا بارشوں میں محکموں کو الرٹ رہنے کا حکم

گلی محلوں اور روڈز سے بھی پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے وارڈنز اور متعلقہ انچارج کو موجود رہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 1 اگست 2024 19:48

لاہور میں شدید بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، وزیراعلیٰ کا بارشوں میں ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اگست 2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ارکان اسمبلی فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کی عمل کی مانیٹرنگ کریں۔ تمام ایم پی اے چھوٹے بڑے شہروں اور متعلقہ علاقے کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں۔ عوام کی سہولت کے لئے ہر شہر، ہر گلی محلے میں بارشی پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شدید بارش کے باعث متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا اور انتظامی افسروں اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے- وزیراعلی مریم نوازشریف نے لاہور اور دیگر شہروں میں بارشی پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بارشی پانی کے نکاس کیش لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت اورکہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے وارڈن اور متعلقہ انچارج موجود رہیں۔

انہو ں نے کہا کہ گلی محلوں اور روڈز سے بارش کے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے۔ مزید برآں لاہور میں بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے پرپنجاب حکومت کا ریکارڈ رفتار سے امدادی آپریشن سرانجام دیا، وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان فیلڈ میں پہنچے اور قرطبہ چوک، سپر یم کورٹ رجسٹری، لکشمی چوک، گلبرگ، بھاٹی چوک، قذافی سٹیڈیم اور دیگر علاقوں کے دورے کئے- سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی نگرانی میں سرکاری اداروں کی ٹیموں نے نکاسی آب کے لئے کارروائیاں کیں۔

ہسپتالوں اور دیگر علاقوں میں میں موجود بارشی پانی کا ریکارڈ وقت میں نکاس کیا گیا- واسا، ایل ڈی اے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کے اشتراک عمل سے اقدامات کیے گئے، وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور آپریشن کلین اپ کی نگرانی کی۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف نے غیرمعمولی بارشوں کی پیشگوئی پر پیشگی امدادی آپریشن کی تیاری کی ہدایت کی تھی۔متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں مسلسل کام کررہی ہیں - وزیراعلی کی ہدایت پر واٹرپمپس اور دیگر ضروری مشینری کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ مریم اورنگزیب نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے اور بتایا کہ ہسپتالوں میں ادویات، زہریلے کیٹروں کے ڈنک کے علاج کی ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔