Live Updates

سال2023 میں 514دہشت گردی کے واقعات میں 2922 افراد شہید ہوئے، محسن نقوی

ہفتہ 3 اگست 2024 22:36

سال2023 میں 514دہشت گردی کے واقعات میں 2922 افراد شہید ہوئے، محسن نقوی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے قومی اسمبلی میں پیش کی جانیوالی ایک رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ ملک میں امن وامان کی صورت حال مسلسل بگڑ رہی ہے ،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سکیورٹی سے متعلق اضافہ ہوا ہے ،سال 2023 میں دہشت گردی کے 1514 واقعات میں مجموعی طور پر 2922 افراد شہید و زخمی ہوئے ،اس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 572 افراد شہید ہوئے اور 358 سویلین بھی شہداء میں شامل ہیں جبکہ رواں سال کے پہلے چار ماہ میں دہشت گردی 561 واقعات میں 886 افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں ،قومی اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویز میں وزیر داخلہ نے بتایا کہ 4 ماہ کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 167 سکیورٹی اہلکار جبکہ 118 سویلین شہید ہوئے ،348 سکیورٹی اہلکار زخمی اور 253 سویلین زخمی ہوئے ،خیبر پختونخواہ میں سب سے زیادہ دہشت گردی کے 282 واقعات میں 515 افراد شہید و زخمی ہوئے جن میں 131 سکیورٹی اداروں کے شہداء بھی شامل ہیں ،بلوچستان میں 272 واقعات میں 365 افراد شہید وزخمی ہوئے ان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 36 شہداء بھی شامل ہیں ،سندھ میں 5 واقعات میں 5 افراد زخمی ہوئے ،پنجاب میں ایک واقعہ ہوا ،کوئی زخمی یا شہید نہیں ہوا ،اسلام آباد میں ایک واقعہ میں ایک شخص شہید ہوا ،انہوں نے بتایا کہ اگست2021 میں افغانستان سے اتحادی افواج کی واپسی کے بعد علاقے میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ،دہشت گردی کے واقعات میں سرحد پار سے تربیتی مراکز سے مدد ملتی ہے، دہشت گرد تنظیموں کے پاس جدید ہتھیار اور آلات نے ان کی آپریشنل صلاحیت بڑھا دی ہے ،سماجی ذرائع ابلاغ کے نیٹ ورک اور سائبرسپیس کے استعمال نے دہشت گرد تنظیموں کی رسائی میں اضافہ کیا ہے ،انہوں نے بتایا کہ جنگجوئوں کے نیٹ ورک اور سیل کو ختم کرنے کے لئے ملک بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اور رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2208 انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کئے گئے جس jمیں 89 دہشت گرد مارے گئے اور 328 کو گرفتار کرلیا گیا۔

Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات