سابق ایم این اے علی وزیر 6روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ہفتہ 3 اگست 2024 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2024ء) انسداد دِہشت گردی اسلام آباد کی عدالت نے سابق ایم این اے علی وزیر کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کو زخمی کرنے پرگرفتار کر کے اے ٹی سی اسلام آباد میں جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر راجا نوید نے عدالت میں مو قف اختیار کیا کہ علی وزیر نے پولیس اہلکار سے گن چھینی اور ایک اہلکار کی شرٹ پھاڑ دی، علی وزیر کو امن و امان کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔دورانِ سماعت جج طاہر عباس سپرا نے پولیس اہلکار سے استفسار کیا کہ علی وزیر گاڑی میں منشیات رکھ کرجا رہے تھے ،اس پر پولیس اہلکار نے بتایا کہ سوال تھانہ کراچی کمپنی کے معاملے سے متعلق ہے، میں تھانہ کوہسار کے معاملے میں ہوں۔

دوسری جانب علی وزیر نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ موٹرسائیکل سوار زخمی ہوئے، میں نے کہا ہسپتال لے جاتا ہوں، مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا، میں بھی حلف لوں گا، ایس ایچ او بھی حلف لیں۔بعد ازاںانسداددِہشت گردی کی عدالت نے علی وزیر کو 8 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔