بھارت مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ حق خودارادیت کو دبانے میں مکمل طور ناکام ثابت ہو چکا ہے، بلاول بھٹوزرداری

پیر 5 اگست 2024 13:38

بھارت مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ  حق خودارادیت کو دبانے میں مکمل طور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جبر و بربریت کے سارے ہتھکنڈے آزما چکا، لیکن مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ حق خودارادیت کو دبانے میں مکمل طور ناکام ثابت ہو چکا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ وہ ریاستی ظلم پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مذکورہ اقدام کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے اٹھایا گیا قدم اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کی وکالت کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر اقدام اٹھائے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرے جیسا کہ اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں میں درج ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کے عزم اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، وقار اور آزادی کی جدوجہد ہے۔آئیے جبر اور استحصال سے پاک، روشن مستقبل کی تلاش میں ان کا ساتھ دینے کے لیے ہاتھ میں ہاتھ دیں۔