آئی سی سی کا ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کو دینے پرغور

بنگلہ دیش کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئی ہے، ہماری ترجیح تمام شرکاء کی حفاظت اور بہبود ہے : ترجمان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 8 اگست 2024 15:54

آئی سی سی کا ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کو دینے پرغور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 اگست 2024ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے شوپیس ایونٹ کے میزبان ملک کیلئے بھارت کو منتخب کرنے پرغور کرنا شروع کردیا ہے۔ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے فرار کے بعد بنگلہ دیش میں بدامنی کی صورتحال ہے، اسی کے پیش نظر آئی سی سی نے بھارت کو 2024ء ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے متبادل کے طور پر رکھا ہے، بھارت کو متبادل مقامات میں سے ایک کے طور پر شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش سیاسی انتشار کے سبب آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کی میزبانی سے محروم ہوسکتا ہے، اگرچہ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں ابھی 57 دن باقی ہیں اور پہلا میچ 3 اکتوبر کو جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ہونا ہے۔ معروف کرکٹ ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات، بھارت اور سری لنکا کو دس ٹیموں کے ورلڈکپ ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے بیک اپ مقامات کے طور پر شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جو کہ 3 سے 20 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئی سی سی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ، ان کی سیکیورٹی ایجنسیوں اور اپنے خود مختار سیکیورٹی کنسلٹنٹس کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ادارے کا کہنا تھا کہ ہم نے بنگلہ دیش کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئی ہے، ہماری ترجیح تمام شرکا کی حفاظت اور بہبود ہے۔