کچے کے علاقے میں 13 پولیس چوکیوں کا افتتاح کردیا گیا

جمعہ 9 اگست 2024 22:16

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2024ء) چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے ایس ایس پی امجد شیخ کے ہمراہ کچے کے علاقے میں دریا بند پر ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کی جانب سے تعمیر کروائی گئی 13 پولیس چوکیوں کا افتتاح کردیا ۔ انہوں نے پولیس چوکیوں کا معائنہ کرکے جوانوں کے لیے حفاظت اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کاؤنسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی کی سفارش پر حفاظتی بند پر 13 پولیس چوکیاں قائم کروائی ہیں تاکہ اس علاقے اور رنگ روڈ پر ہونے والی وارداتوں اور جرم کے ارادے سے سکھر آنے والے جرائم پیشہ افراد کو روکا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ہم نے 10 چوکیاں قائم کروائی تھیں، چوکیوں کو بہتر انداز سے، جوانوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے جن کی چھتوں پر بھی مورچے بنائے گئے ہیں تاکہ پورے علاقے کی بہتر طریقے سے نگرانی کی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکھر شہر کی بہتری اور امن و امان کے لئے پولیس کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سکھر ضلع کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں، شہریوں کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ ارشد ندیم نے بڑے عرصے کے بعد قوم کا نام روشن کیا ہے اور پاکستان کے لئے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جب ارشد ندیم رنر اپ آئے تھے تو صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے ان کو ملک سے باہر تربیت دلانے کی پیشکش کی تھی تاہم ان کے کوچ نے کہا کہ ہمیں جرمنی نہیں بلکہ لاہور میں تربیت کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ارشد ندیم پاکستان کا فخر ہیں، انہوں نے پاکستان کے لئے اعزاز حاصل کیا ہے، ہم ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ قبل ازیں ایس ایس پی امجد شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کاؤنسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقوں سدھوجا، بائجی اور قادراپور میں مستقل مسائل پیش آرہے تھے، گزشتہ 4 ماہ کے دوران شہر کی طرف ڈاکوؤں نے اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کی ہیں، ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل سکھر کو حفاظتی بند پر پولیس چوکیاں قائم کروانے کے لئے گزارش کی تھی جس پر قادراپور، سدھوجا اور بائجی حفاظتی بند پر 13 پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں مستقبل میں اس میں اضافہ کیا جائے گا، جس سے نہ صرف شہر سے وارداتیں کم ہوں گی بلکہ سکھر ملتان موٹروے بھی محفوظ رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چوکیوں پر ٹرینڈ جوانوں کو مقرر کیا گیا ہے جن کے پاس ایل ایم جی، رائفل سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ موجود ہے۔