مسافروں کوسہولیات مہیا کرنے کیلئےتمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،بلال اکبرخان

جمعہ 9 اگست 2024 22:58

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2024ء) صوبائی وزیرٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ بلال اکبرخان نےکہاہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات کی روشنی میں مسافروں کوسہولیات مہیاکرنےکےلیےتمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نےان خیالات کااظہارڈی سی آفس اٹک میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرراؤعاطف رضا،ڈی پی اواٹک سردارغیاث گل خان،سابق رکن صوبائی اسمبلی وٹکٹ ہولڈر افتخار احمد خان، ٹکٹ ہولڈرملک حمیداکبرخان،سابق چیئرمین بلدیہ اٹک ناصرمحمود شیخ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید،اسسٹنٹ کمشنر شگفتہ جبیں،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سردار ظہیر احمد خان اور چیف افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیربلال اکبرخان کوڈی سی اٹک نےپبلک ٹرانسپورٹ،جنرل بس سٹینڈزاور دیگر متعلقہ امور سےمتعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈی سی اٹک نے بتایا کہ جنرل بس سٹینڈز پر مسافروں کو ہر قسم کی سہولیات مہیا گئی ہیں اور ان کا باقاعدگی سے معائنہ جاری ہے۔اس کے علاوہ حکومت کی ہدایات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی پرتمام اڈا منیجرز اور ٹرانسپورٹرزکی مشاورت سے نیا کرایہ طے کیا گیا ہےجس پر عمل درآمد جاری ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتےہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈزپرمسافروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نوازکی ہدایت پرسی کلاس اڈوں کو اپ گریڈ کیا جارہاہے۔اس کےعلاوہ طلباء کے لیے ای بائیک کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ بعدازاں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبرخان نے جنرل بس سٹینڈ اٹک کا دورہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت صوبہ بھر کے بس سٹینڈز کو اعلیٰ معیار کے مطابق بنائے گی جہاں پر مسافروں کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ صوبائی وزیر بلال اکبر نے کہا کہ چھوٹے ٹریکٹر 70 فیصد اور بڑے ٹریکٹر 50 فیصد رعایت پر فراہم کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ای بائیک ،سولر سسٹم ، ٹریکٹر اوردیگرعوامی سکیموں کے لیے ڈی سی آفس میں سپیشل ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا یہاں سے عوامی فلاح کی تمام سکیموں کے لیے رہنمائی حاصل کی جا سکے گی۔