لاہور سمیت مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش ، نشیبی علاقے زیر آب

ہفتہ 10 اگست 2024 17:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2024ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے جھل تھل ایک ہو گیا ، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس سے نظام زندگی متاثر رہا ، فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آ ب آ گئے ، مختلف مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہو گیا جس سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ۔

شاہراہوںپر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام جام رہا اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں لکشمی چوک، ایبٹ روڈ ، شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ ، فیروز پور روڈ، قرطبہ چوک e ،چوبرجی، ساندہ، اسلامپورہ، شام نگر ،، اچھرہ، جیل روڈ ،کاہنہ، گجومتہ اور دیگر علاقے پانی میں ڈوبے رہے ۔

(جاری ہے)

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے،بارشوں کا یہ سپیل 12 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے دریاں، ڈیمز اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ ہائی الرٹ رہے۔