گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان کے زیر صدارت ضلع اٹک میں میڈیکل کالج کے قیام سے متعلق اجلاس

ہفتہ 10 اگست 2024 18:46

گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان کے زیر  صدارت ضلع اٹک میں میڈیکل کالج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور میں ضلع اٹک میں میڈیکل کالج کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سابق نگران صوبائی وزیر صحت جاوید اکرم نے ضلع اٹک میں میڈیکل کالج کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ ڈپٹی کمشنر اٹک راناعاطف رضا اجلاس میں بذریعہ زوم لنک شریک ہوئے ۔

اجلاس میں چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر بھی موجود تھے ۔چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر نے پنجاب کی جامعات کے ریسرچ پراجیکٹس کی آ ئندہ چند ماہ میں منعقد ہونے والی نمائش بارے آ گاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ میڈیکل کالج کے قیام سے صوبہ پنجاب کے دور افتادہ ضلع اٹک اور اس کی فتح جھنگ سمیت پسماندہ تحصیلوں کے غریب عوام کو طب کی تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات میسرآ ئیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کی پسماندہ تحصیل فتح جھنگ اور دیگر علاقوں میں سیٹلائٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے ۔ان سیٹلائٹ سینٹرز کے قیام سے بین الاقوامی معیار کے مطابق کمیونٹی میڈیسن کو فروغ ملے گا۔گورنر پنجاب نے موجودہ وسائل سے جلد از جلد میڈیکل کالج کی کلاسوں کے اجرا کے لیے ورکنگ کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ طلبا کے ریسرچ پراجیکٹس کی نمائش میں انڈسٹری کے نمائندگان کو بھی بلایا جائے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اکیڈیمیہ انڈسٹری رابطے سے طلبا کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔اجلاس میں گورنر سیکرٹریٹ سے سپیشل سیکرٹری اکیڈیمکس عبدالرحمن شاہ، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر اسد اور ڈپٹی سیکرٹری ظل ہما بھی اس موقع پر موجود تھیں۔