جشن آزادی پر شجرکاری مہم کامیاب بنانا مذہبی فریضہ ہے ، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

بدھ 14 اگست 2024 17:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2024ء) ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ جشن آزادی پر شجرکاری مہم کامیاب بنانا مذہبی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر پارکر میں پریم نگر ہرے بھرے درختوں سے بھرپور خطہ اراضی، ملک بھر کی ہندو اقلیتی کمیونٹی شجرکاری مہم میں شریک ہے۔پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے قومی پرچم میں سبز رنگ تمام پاکستانی شہریوں بشمول اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے جبکہ جھنڈے میں موجود سفید پٹی امن و سلامتی کی علامت ہے۔

پاکستان کے 78ویں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں اظہارِ افسوس کیا کہ پاکستان میں کچھ عناصر محب وطن اقلیتوں کو قومی دھارے سے باہر کرنے کیلئے پاکستانی جھنڈے میں موجود سفید پٹی کو اقلیتوں سے منسوب کرکے قومی پرچم کو بھی اقلیتی اکثریتی بنیادوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے اپنی تقریر میں بانی پاکستان قائداعظم کی گیارہ اگست کی تقریر کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے تمام پاکستانی شہریوں کو اپنی مرضی کی عبادت گاہوں میں جانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے تقریب کے شرکاء کو پاکستان ہندو کونسل اور ڈاکٹر پریم کمار سیتل داس میموریل ٹرسٹ کے زیر اہتمام شہر قائد کراچی اور ملک کے مختلف علاقوں میں جاری شجرکاری مہم کے بارے میں آگاہ کیا کہ وہ سندھ کے پسماندہ ترین ضلع تھر پارکر میں پریم نگر کی صورت میں ہرا بھرا درختوں سے بھرپور رول ماڈل خطہ اراضی قائم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان ہندو کونسل کی اپیل پر رواں برس جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں ہندو اقلیتی شہری اپنے اپنے علاقوں میں شجرکاری مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔