ڈکیٹی مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق، ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 87 ہوگئی

اتوار 18 اگست 2024 14:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2024ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قریب جمعرات کی شام 2 کروڑ سے زائد نقدی لوٹنے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا سیکیورٹی گارڈ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔میٹھادر پولیس نے واردات کا مقدمہ کمپنی کے ملازم کی مدعیت میں درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 87 ہوگئی ۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج کے قریب جمعرات کی شام کمپنی کے ملازم سے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے چھیننے کی واردات کا مقدمہ نمبر 150 سال 2024 میٹھادر تھانے میں مدعی محمد بلال کی مدعیت میں بجرم دفعات 392 اور 397 چونتیس کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

مدعی کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوئوں نے لوٹ مار کی واردات کی تھی، عارف عزیز نے مزید بتایا کہ واردات کے دوران مزاحمت پر کمپنی کے ملازم مدعی مقدمہ بلال کے ہمراہ موجود کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ گل ضمیر مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا تھا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعہ کی سی سی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں لوٹ مار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ملزمان کا سراغ لگا لیا جائیگا۔