امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

پولیس کی حراست میں موجود ملزم احسن شاہ کو برآمدگی کیلئے شاد باغ کے علاقے لے جاتے ہوئے حملہ ہوا، ملزم ہسپتال پہنچنے تک دم توڑ گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 اگست 2024 22:21

امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ اپنے ساتھیوں کی فائرنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اگست 2024ء) امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ اپنے ساتھیوں کی فائرنک سے ہلاک، پولیس کی حراست میں موجود ملزم احسن شاہ کو برآمدگی کیلئے شاد باغ کے علاقے لے جاتے ہوئے حملہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی معروف سیاسی و کاروباری شخصیت امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کے مرکزی ملزم احسن شاہ کو ہلاک کر دیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

جی این این نیوز کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کی شب کو لاہور پولیس کی جانب سے ملزم احسن شاہ کو برآمدگی کیلئے لاہور کے علاقے شاد باغ لے جایا جا رہا تھا، جب اس کے ساتھیوں کی جانب سے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا گیا۔ حملے میں پولیس اہلکار تو محفوظ رہے تاہم ملزم احسن شاہ شدید زخمی ہو گیا۔ احسن شاہ کو فوری ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ملزم احسن شاہ کو چند ماہ قبل اپنے ہی دوست امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امیر بالاج ٹیپو کو 19 فروری 2024 کو شادی کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے میں مزید 2 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ امیر بالاج کے گن مینوں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور مظفر حسین بھی موقع پر مارا گیا تھا۔

قتل کا مقدمہ امیر بالاج کے بھائی امیر مصعب کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ، اس کے کزن خواجہ عقیل اور چار نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔ بعد ازاں احسن شاہ کی گرفتاری بھی عمل میں آئی اور اہم انکشافات بھی سامنے آئے۔ قتل کے وقت احسن شاہ پاکستان میں موجود نہیں تھا بلکہ سعودی عرب سے ملزمان کو ریکی دی تھی، احسن شاہ نے یہ بتایا تھا کہ امیر بالاج نے اس شادی پر جانا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ احسن شاہ نے اس قتل کے عوض 50لاکھ روپے لیے ۔ پولیس نے احسن شاہ کیخلاف حتمی چالان 30 جولائی کو عدالت میں پیش کیا تھا، جبکہ عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت 7 اگست کو مسترد کر دی تھی۔