Live Updates

جوابی کارروائی پر پہلے سے کہیں زیادہ شدید طاقت کا مظاہرہ کریں گے، ٹرمپ کی دھمکی

ہمارا مقصد دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد ریاستی معاون کے جوہری خطرے کو ختم کرنا تھا، اگر ایران نے امریکی حملے کا جواب دیا تو ایسی طاقت سے کچلا جائے گا جو پہلے سے کہیں زیادہ ہوگی؛ امریکی صدر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 22 جون 2025 11:05

جوابی کارروائی پر پہلے سے کہیں زیادہ شدید طاقت کا مظاہرہ کریں گے، ٹرمپ ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون 2025ء ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی جوابی کارروائی پر پہلے سے کہیں زیادہ شدید طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ ایران کی 3 نیوکلئیر تنصیبات پر حملے کے بعد انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے امریکی حملے کا جواب دیا تو اسے ایسی طاقت سے کچلا جائے گا جو آج کی رات سے کہیں زیادہ ہوگی، اگر ایران نے امریکہ کے خلاف کسی بھی قسم کی جوابی کارروائی کی تو ہم اس سے کہیں زیادہ شدید طاقت کا مظاہرہ کریں گے جو آج رات دیکھنے کو ملی۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اسرائیلی فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں اسرائیلی افواج کا شاندار کام کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں ان عظیم امریکی محب وطنوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے ان شاندار طیاروں کو آج رات اڑایا، یہ ایک ایسا آپریشن تھا جیسا دنیا نے کئی دہائیوں سے نہیں دیکھا، دنیا کی کوئی فوج ہم جیسا کچھ نہیں کر سکتی تھی، میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین ریزن کین اور ان تمام ذہین عسکری ماہرین کو مبارکباد دیتا ہوں جو اس حملے میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ایران پر کیے گئے حملوں کا بنیادی مقصد ایرانی نیوکلیئر پروگرام کی تباہی اور جوہری خطرے کا خاتمہ تھا، ہمارا مقصد ایران کی یورینیم افزودگی کی صلاحیت کو مکمل طور پر تباہ کرنا اور دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ریاستی معاون کے جوہری خطرے کو ختم کرنا تھا، اس حملے کے حوالے سے ان کے قریبی حلقے بھی تقسیم کا شکار تھے لیکن ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ چالیس برسوں سے ایران امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہا ہے، انہوں نے ہمارے لوگوں کو قتل کیا، ان کے بازو اور ٹانگیں بارودی سرنگوں سے اڑا دیں، ہم نے 1000 سے زائد امریکی کھوئے اور مشرق وسطیٰ و دنیا بھر میں لاکھوں لوگ ان کی نفرت کی وجہ سے مارے گئے، کتنے ہی لوگ سلیمانی کے ہاتھوں مارے گئے، میں نے 2020ء میں اسے ہلاک کرنے کا حکم دیا تاکہ مستقبل کے حملوں کو روکا جا سکے، میں نے بہت پہلے فیصلہ کرلیا تھا کہ میں یہ سب دوبارہ ہونے نہیں دوں گا اور اب یہ مزید نہیں چلے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات