Live Updates

بچوں پر حملہ آور بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، وزیراعظم

ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ پشین دھماکے پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 24 اگست 2024 15:11

بچوں پر حملہ آور بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اگست 2024ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم سن بچوں پر حملہ کرنے والے بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے بلوچستان کے شہر پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں کم سن بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، وزیراعظم نے کہا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، کم سن بچوں پر حملہ آور بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی پشین میں پولیس لائن کے قریب دھماکے کی مذمت کی، اسپیکر نے دھماکے میں دو کمسن بچوں سمیت تین قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، ایاز صادق نے دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے، پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع پیشین بازار بائی پاس روڈ کے قریب کلمہ چوک پر زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو راہگیر بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، واقعہ میں دو خواتین اور پانچ پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور سول ہسپتال پیشین منتقل کیا گیا، فوری طبی امداد دینے کے بعد 12 زخمیوں کو کوئٹہ ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، زخمیوں میں پانچ کی حالت تشویشناک بتائی گئی، دھماکے کے بعد پیشین اور کوئٹہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات