ملتان میں طوفانی بارش ، 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، پورا شہر زیر آب آ گیا

منگل 27 اگست 2024 22:29

ملتان میں طوفانی بارش ، 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،  پورا شہر زیر آب آ گیا
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2024ء) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بارشوں نے جل تھل کر دیا ، مختلف علاقوں میں تیز بارش سے شاہراہیں اور گلیاں محلے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں ، ملتان میں طوفانی بارش کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،چونگی نمبر 9 ڈسپوزل سٹیشن پر 147 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں 1976 میں 134.5 ملی میٹر ریکارڈ بارش ہوئی تھی ۔

ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور واسا ملتان کا نکاسی آب آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان ڈویژن ،ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی ایم ڈی اے کو لمحہ بہ لمحہ آپریشن سے متعلق رپورٹ پیش کی جا رہی ہے ۔تیز بارش سے ملتان کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا،جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب بارش کے باعث میپکو کے درجنوں فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے ، جس سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ۔

میپکو حکام کے مطابق بارش رکتے ہی بند فیڈرز سے بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا ۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بارشوں کی پیشگوئی پر واسا حکام کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کیے گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔