اے این پی کے سینئر رہنماء زاہد خان کا بھی سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان

بدقسمتی سے ملک میں جو سیاست سے چل رہی ہے، اس میں نظریات کہیں نہیں ہیں،موجودہ حالات میں مزید سیاست نہیں کر سکتا، رہنماءاے این پی کا بیان

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 4 ستمبر 2024 14:56

اے این پی کے سینئر رہنماء زاہد خان کا بھی سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04ستمبر 2024 ) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء زاہد خان نے بھی عملی سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا، بدقسمتی سے ملک میں جو سیاست سے چل رہی ہے، اس میں نظریات کہیں نہیں ہیں،اپنے ایک بیان میں رہنماءاے این پی کا کہنا ہے کہ ہم نے سیاست میں بڑی قربانیاں دی ہیں، موجودہ حالات میں مزید سیاست نہیں کر سکتا، مستقبل کا فیصلہ اپنے حلقے کے لوگوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نظریات اور سوچ کے ساتھ سیاست کر رہے تھے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ اس سے قبل رہنماءعوامی نیشنل پارٹی زاہد خان نے پارٹی ترجمان کا عہدہ بھی چھوڑ دیا تھا جبکہ انہوں نے پارٹی کے انٹراپارٹی الیکشن میں بھی حصہ نہیں لیاتھا۔یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں کہ اے این پی کے سینئر رہنماءزاہد خان کے پارٹی قیادت سے اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئیں تھیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما اور سابق پارلیمنٹیرین غلام احمد بلور نے بھی سیاست اور پشاور چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ غلام احمد بلور نے نہ صرف سیاست چھوڑنے بلکہ اس کے ساتھ پشاور شہر بھی رہائش بھی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ غلام احمد بلور پشاور سے اسلام آباد منتقل ہو جائیں گے۔

حاجی بلور نے انتخابی عمل میں پے درپے شکستوں اور اے این پی کی قیادت میں تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد انتخابی سیاست سے کنارہ کشی کا فیصلہ کیا تھا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ کچھ قوتوں کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔ انھوں نے کہا اسی لیے مجھے مسلسل چار انتخابات میں شکست دلائی گئی. میرے بھائی بشیر بلور اور بھتیجے ہارون بلور کو شہید کیا گیا۔ اب اگر الیکشن ہی نہیں لڑنا تو پھر پشاور میں کیوں رہوں؟دو بار وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایک بار وفاقی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ رہنے والے غلام احمد بلور 1988 سے مسلسل پشاور شہر سے انتخابات میں حصہ لیتے رہے تھے۔