یوٹیلیٹی سٹورز پر 800 سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں کمی

اشیاء ضروریہ کی قیمتیں 200 روپے تک کم کردی گئیں، نئے ریٹ فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 5 ستمبر 2024 11:05

یوٹیلیٹی سٹورز پر 800 سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں کمی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر 2024ء ) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے 800 سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی کر دی، نئی قیمتوں کو فوری طور پر نافذ العمل کر دیا گیا۔ ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق مختلف برانڈز کے گھی، کوکنگ آئل، چائے، سرف، نوڈلز، کیچ اپ، ٹیٹراپیک دودھ، خشک دودھ، مصالحے، اچار، صابن، ٹوتھ پیسٹ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں 8 روپے سے 200 روپے تک کی کمی کی گئی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سبسڈی فی الحال بند ہے جو بہت جلد نئے طریقہ کار کے تحت بحال ہو جائے گی۔

ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ نے بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے نئی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے، ادارہ صارفین کا اعتماد بحال رکھنے کے لئے کوشاں ہے، صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے، معیاری اور بارعایت اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، صارفین بلا کسی دقت، دشواری اور شرائط کے یوٹیلیٹی سٹورز سے خریداری کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ حکومت اور یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے یقین دہانی کروائی ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز بند نہیں کیے جائیں گے لہٰذا حکومتی یقین دہانی پر دھرنا ختم کیا گیا، ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو دوبارہ دھرنا دیا جائے گا، حکومت کاشکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں،ہمارے جواندرکے مسائل ہیں وہ بھی حل ہوں گے، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورکاتعاون کرنے پربھرپورشکریہ اداکرتے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیررانا تنویرحسین نے یوٹیلیٹی سٹورملازمین کے قائدین سے مذاکرات کیے اور انہیں یقین دیلایا کہ حکومت کا یوٹیلیٹی سٹوربند کرنے کا کوئی پروگرام نہیں حکومت اس حوالے سے بہتری کیلئے منصوبہ بندی کررہی ہے ، 7ارب کا رمضان ریلیف پیکیج اور 50ارب کی سبسڈی دی جائے گی، ادارے کو بہتربنانے کیلئے یونین کے ساتھ مل کر قانون سازی کی جائے گی، اسی طرح مذاکرات کے دوران وزیراعظم ہاؤس سے بھی کال آئی اور کہاگیا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، ہم ادارے کی بہتری کیلئے اقدامات کریں گے کسی کو بے روزگارنہیں کیاجائے گا۔