Live Updates

نیا توشہ خانہ کیس، عمران خان،بشریٰ کا درخواست ضمانت پر جلد فیصلے کیلئے درخواست دائر

بیرسٹر سلمان صفدر، خالد چودھری اور فیصل چودھری کے ذریعے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 12 ستمبر 2024 12:40

نیا توشہ خانہ کیس، عمران خان،بشریٰ کا درخواست ضمانت پر جلد فیصلے کیلئے ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12ستمبر 2024 ) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نئے توشہ خانہ کیس میںضمانت بعداز گرفتاری کی درخواست پر جلد فیصلے کیلئے اسلا م آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا،بیرسٹر سلمان صفدر، خالد چودھری اور فیصل چودھری کے ذریعے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی،درخواست میں ریاست، احتساب عدالت اور سپیشل جج سینٹرل کو فریق بنایا گیا ہے۔

دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپیشل جج سینٹرل کو ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر جلد فیصلے کا حکم دیا جائے۔13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی نیا توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت پیر تک ملتوی کردی تھی۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، عمران خان اور اہلیہ کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیاتھا۔ عمران خان اور بشری بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

دوران سماعت نیب حکام نے بتایا کہ سپریم کورٹ سے نیب ترامیم کیس پر فیصلہ آچکا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عدالت نے دیکھنا ہے کہ کیس میں اس عدالت کا دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں۔بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کر دی تھی۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی7، 7 سال قید کی سزائیں معطل کردیں اور ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کیلئے عمران خان اور ان کی اہلیہ کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کیا تھا۔ نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات