آئی سی سی آئی کی جانب سے ممتاز بزنس مین محمد بشیرجان محمد کیلئے بزنس رول ماڈل ایوارڈ

تقریب میںگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، عاطف اکرام شیخ، زبیر طفیل ،احسن بختاوری ،ظفربختاوری کی شرکت

بدھ 18 ستمبر 2024 20:13

آئی سی سی آئی کی جانب سے ممتاز بزنس مین محمد بشیرجان محمد کیلئے بزنس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2024ء) گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا کہ کاروباری برادری ملک کی معاشی ترقی کا اہم ترین ستون اور سب سے اہم شراکت دار ہے ،پاکستان کے تمام معاشی مسائل کا حل بزنس کمیونٹی کے پاس موجود ہے،حکومت مشکل حالات میں معاشی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے،بزنس کمیونٹی کی کوششوں سے آج ملک میں کاروبار ی جدت آ رہی ہے، جس سے پیداواری صلاحیت اور مسابقت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آئی سی سی آئی کی جانب سے ممتاز بزنس مین محمد بشیرجان محمد کو بزنس رول ماڈل ایوارڈدیئے جانے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں سابق نگراں وفاقی وزیرڈاکٹر گوہر اعجاز،سابق نگراں صوبائی وزیر پنجاب ایس ایم تنویر ،صدر یو بی جی زبیرطفیل،صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام،صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری ،سیکریٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری سمیت بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کاروبار بین الاقوامی تجارت، زرمبادلہ کمانے اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں،حکومت پاکستان خصوصا پنجاب حکومت کمیونٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ کے ساتھ ساتھ کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی سطح پر پوری کوشش کر رہی ہے،پنجاب کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں کی وجہ سے صوبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے بہترین جگہ بن گیا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت نیلا دلہہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام اور کاروباری برادری کے فائدے کے لیے دیگر تمام منصوبوں کے حوالے سے بھی آئی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کرے گی۔ ممتاز بزنس مین محمد بشیر جان محمد نے ایوارڈدینے پر آئی سی سی آئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی ملک کی معاشی ترقی اور کاروباری برادری کے لیے وقف کر رکھی ہے، مسائل کے باوجودپاکستان میں بہت صلاحیت ہے، نوجوان یہاں کام کریں اور اپنا اور اپنے ملک کے فائدہ کا ذریعہ بنیں۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ معاشی مسائل کے حل کیلئے فیڈ ریشن تمام باڈیز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے،ہم ہر فورم پر حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پالیسیوں کو نافذ کرنے سے پہلے بزنس کمیونٹی سے مشاورت کی جائے۔صدریوبی جی زبیرطفیل نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے لیڈرز کو عزت دینے کی روایت خوش آئند ہے، بشیر جان محمد بلاشبہ بزنس رول ماڈل ایورڈ کے حقدار ہیں۔

صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے ٹریڈنگ اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز،شوگر انڈسٹری میں اصلاحات کا کریڈٹ بشیر جان محمد کو جاتا ہے،انہوں نے اپنی متحرک شخصیت،کردار اور اپنی خدمات کی وجہ سے نیک نامی کمائی اور پاکستان اور عالمی سطح پر ملک کی پہچان بنے۔سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بہت اچھا ہے، ہمیں معیشت کو بڑھنے دینا چاہیے اور اس سفر کی سٹریٹجک منصوبہ بندی اور ترقی کے ذریعے کامیابی کو یقینی بنانا چاہیے۔

سینئر رہنما یو بی جی اور سابق سینئرنائب صدر ایف پی سی سی آئی حنیف گوہر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے لیڈرز کو عزت دینے کی روایت خوش آئند ہے، ملک بھر کی دیگر تنظیموں کو بھی اس کی پیروی کرنی چاہیے جبکہ حکومت کو بھی ایسے ٹیکس پیئرز کو قومی ایوارڈز سے نوازنا چاہیے جو بھاری تعداد میں قومی خزانے میں رقم جمع کراتے ہیں،ہمیں بطور معاشرہ بزنس مین کو عزت دینے کی ضرورت ہے۔