لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے جلسے کی اجازت سے متعلقہ درخواستوں پر سماعت ،ڈپٹی کمشنر کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم

جمعہ 20 ستمبر 2024 13:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے جلسے کی اجازت اور جلسہ روکنے سے متعلقہ مختلف دو درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے جلسہ روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی جبکہ تحریک انصاف کی جلسہ کی اجازت کے لیے درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو قانون کے مطابق سماعت کے بعد جمعہ کی شام پانچ بجے تک فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے عالیہ حمزہ، ندیم سرور ایڈووکیٹ کی مختلف درخواستوں پرجمعہ کو سماعت کی۔ فل بینچ میں جسٹس فاروق حیدر ، جسٹس طارق ندیم اور جسٹس علی ضیا باجوہ شامل ہیں۔ دوران سماعت عدالتی حکم پر چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پنجاب ،کمشنر اور ڈی سی لاہور پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

عالیہ حمزہ کے وکیل اشتیاق اے خان نے موقف اختیار کیاکہ تحریک انصاف نے 21 ستمبر کو جلسہ کرنے کا پلان بنایا ہے ، انتظامیہ جلسے کی اجازت نہیں دے رہی، جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی اور جمہوری حق ہے لہذا عدالت جلسہ کی اجازت دینے کاحکم جاری کرے۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ پی ٹی آئی کی جلسے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کی جائے۔ سرکاری وکیل نے بتایاکہ عالیہ حمزہ نے جلسے کی اجازت کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع ہی نہیں کیا ،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے بھی جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی ،حساس اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں جلسے کی اجازت نہیں دی، پی ٹی آئی کی حالیہ جلسوں کی تقریریں ریکارڈ کا حصہ ہیں، جلسے میں عدلیہ مخالف ،ریاست مخالف تقریریں ہوئیں ، اسلام آباد کے جلسے میں صحافیوں کے خلاف نامناسب زبان استعمال ہوئی، حماد اظہر ، علی امین گنڈا پور نے بھی نامناسب الفاظ کا استعمال کیا۔

جسٹس طارق ندیم نے کہاکہ ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ عالیہ حمزہ نے جلسے کے لئے کوئی درخواست نہیں دی ،قانون کے مطابق درخواست دینا ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بھی عدالت کو بتایا کہ عالیہ حمزہ نے جلسے کیلئے کوئی درخواست نہیں دی۔ جسٹس فاروق حیدر نے وکیل عالیہ حمزہ سے کہا کہ ابھی جلسے کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دیں، ڈپٹی کمشنر آج ہی درخواست پر فیصلہ کریں گے۔

عدالتی حکم پر وکیل عالیہ حمزہ نے درخواست ڈی سی لاہور کو کمرہ عدالت میں جمع کروا دی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو شام 5 بجے تک قانون کے مطابق درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے عالیہ حمزہ کی جلسہ کی اجازت کے لیے دائر درخواست نمٹا دی جبکہ فاضل بینچ نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی طرف سے تحریک انصاف کا جلسہ رکوانے کے لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔