محکمہ موسمیات کی 26ستمبر سے یکم اکتوبر تک بالائی ووسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارشوں کی پیشنگوئی

بدھ 25 ستمبر 2024 15:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2024ء) محکمہ موسمیات نے 26ستمبر سے یکم اکتوبر تک بالائی ووسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ25ستمبرکی رات سے مرطوب ہواؤں کے خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخلے سمیت ایک مغربی لہر 26 ستمبرکو ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہی ہے۔

جس کے باعث وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش جبکہ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ انہوں نے بتایاکہ26 ستمبر کی شام و رات سے یکم اکتوبرکے دوران فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت اسلام آباد،راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، وزیر آبادجبکہ27ستمبر کی رات سے یکم اکتوبر کے دوران ساہیوال، ننکانہ صاحب،خوشاب، سرگودھا،میانوالی،اوکاڑہ، پاکپتن،قصور اور بھکر میں تیز ہواؤں،آندھی چلنے اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے انہوں نے کہا کہ موسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، گلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد،راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے نیزموسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصوراور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آندھی آنے،جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرا سٹرکچر،کچے گھر،دیواریں،بجلی کے کھمبے،بل بورڈز،گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان موسمیاتی پیشنگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔علاوہ ازیں مسافر اور سیاح سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں نیز بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کےلئے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔