نوابزادہ نصراللہ نے سیاسی و معاشی استحکام کے فروغ کیلئے جدو جہد کی‘ سردارایازصادق

جمعرات 26 ستمبر 2024 23:10

نوابزادہ نصراللہ نے سیاسی و معاشی استحکام کے فروغ کیلئے جدو جہد کی‘ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2024ء) 26 ستمبر 2024؛ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان کو ان کی 21 ویں برسی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان ایک زیرک، مدبر، مخلص، روادار اور باوقار سیاسی رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان نے اپنی زندگی ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور پاکستان کی سیاسی سالمیت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔

انہوں نے ملک میں آئین و پارلیمان کی بالادستی، جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان نے اپنی 70 سالہ طویل سیاسی جدو جہد میں ملک میں رواداری اور جمہوری نظام کے فروغ کیلئے قابل قدر خدمات سر انجام دیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحریک پاکستان میں نوابزادہ نصر اللہ کی جدو جہد کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان نے بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی مسئلہ کشمیر کو علاقائی و عالمی سطح پر انتہائی موثر طریقے سے اجاگر کیا۔ انہوں نے نوابزادہ نصر اللہ خان کی پارلیمانی اور اہم ملکی مسائل پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔اسپیکر نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان نے پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کے فروغ کیلئے جدو جہد کی اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا۔انہوں نے کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی بے مثال دیانتداری و رواداری اور جمہوری اقدار کی پاسداری آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم نوابزادہ نصر اللہ خان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔