آئی ایم ایف سے ایک بلین ڈالر کے اضافی کلائمیٹ فنڈ ملنے کا بھی امکان ہے

کریڈٹ ریٹنگ مستحکم ہوئی ہے، پالیسی ریٹ مزید نیچے آئے گا، نان فائلر گاڑیاں اور پراپرٹی نہیں خرید سکیں گے، رئیل اسٹیٹ اور ریٹیل ٹریڈ پر ٹیکسز عائد ہوں گے۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 2 اکتوبر 2024 00:02

آئی ایم ایف سے ایک بلین ڈالر کے اضافی کلائمیٹ فنڈ ملنے کا بھی امکان ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اکتوبر 2023ء ) وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کریڈٹ ریٹنگ مستحکم ہوئی ہے، پالیسی ریٹ مزید نیچے آئے گا،آئی ایم ایف سے ایک بلین ڈالر کے اضافی کلائمیٹ فنڈ ملنے کا بھی امکان ہے، نان فائلر گاڑیاں اور پراپرٹی نہیں خرید سکیں گے۔ انہوں نے سماء نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے مالی سال میں معاشی استحکام آیا،کریڈٹ ریٹنگ مستحکم ہوئی شرح سود بھی کم ہوتی جائے گی۔

پالیسی ریٹ مزید نیچے آئے گا، ابھی تو ہمیں ایک بلین ڈالر کی رقم مل گئی ہے، آئی ایم ایف سے ایک بلین ڈالر کے اضافی کلائمیٹ فنڈ ملنے کا بھی امکان ہے ، ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔نان فائلر گاڑیاں اور پراپرٹی نہیں خرید سکیں گے۔ نان فائلر بینک اکاؤنٹ بھی نہیں کھول سکیں گے، رئیل اسٹیٹ اور ریٹیل ٹریڈ پر ٹیکسز عائد ہوں گے۔

(جاری ہے)

صوبوں کے ساتھ نئے قومی مالیاتی معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں،نئے مالیاتی معاہدے کے تحت صوبے بعض اخراجات کا بوجھ اٹھائیں گے، قومی مالیاتی معاہدے پر خیبرپختونخواہ نے سب سے پہلے تعاون کیا۔

دیکھنا ہے کہ صوبوں میں کیسے ٹیکس میں یکسانیت آسکتی ہے، تمام صوبے زرعی انکم ٹیکس کا نفاذ کریں گے، ایگری کلچر انکم ٹیکس کے نفاذ کا طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق منگل کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 03 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 277 روپے 68 پیسے ہو گئی ہے۔

انٹر بینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 01 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 736 روپے 58 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹر بینک مارکیٹ میں قدر 722 روپے 20 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 908 روپے 98 پیسے اور قطری ریال کی قدر 76 روپے 18 پیسے ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں منگل کو امریکی ڈالر کی قیمت خرید 278 روپے 50 پیسے اور قیمت فروخت 280 روپے ریکارڈ کی گئی۔