وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پوراحتجاج کیلئے صوبے کی سرکاری مشینری اور وسائل کو استعمال کررہے ہیں اور گاڑیاں ، کرینیں اور ایمبولنسز لیکر اسلام آباد پر چڑھائی کررہے ہیں، روبینہ خالد

جمعہ 4 اکتوبر 2024 23:00

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پوراحتجاج کیلئے صوبے کی سرکاری مشینری اور ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اکتوبر2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ خیبرپختونخوا کی صدراور چیئرپرسن بینظرانکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کی ہدایات پر صوبائی کابینہ کے اراکین وومن ونگ کا اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جسکی صدارت سینئر نائب صدر اور ایم پی اے نیلوفر بابر نے کی ۔ اجلاس میںجنرل سیکرٹری شازیہ طہماش، سیکرٹری انفارمیشن مہر سلطانہ، نائب صدر دینا ناز، شہنازشمشیر پشاورڈویژن صدر، ۱شاہینہ خان فنانس سیکرٹری، صائمہ خان ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری اور دیگر نے شرکت کی جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے دورے، صوبے میں پارٹی کی تنظیم سازی،اضلاع وتحصیل کی سطح پر ان تمام تنظیموں کی کارکردگی اور دیگر پارٹی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر سینیٹر روبینہ خالد نے اجلاس سے آن لائن خطاب کیا ۔ انہوں نے بتایاکہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پوراحتجاج کیلئے صوبے کی سرکاری مشینری اور وسائل کو استعمال کررہے ہیں اور گاڑیاں ، کرینیں اور ایمبولنسز لیکر اسلام آباد پر چڑھائی کررہے ہیں اگر صوبے میں کوئی ایمرجنسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تواس سے کس طرح نمٹاجائے گا جبکہ تمام مشینری وریسکیو گاڑیاں اسلام آباد منتقل کی گئی ہیں انہوں نے بتایاکہ صوبے کے وسائل خیبرپختونخوا کی ترقی پر استعمال ہونا چاہیے لیکن بدقسمتی سے وزیراعلیٰ انہیں اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہاہے ۔

گزشتہ 11سال سے صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کیا بلکہ صوبے کے عوام کو مقروض بناکرصوبے کو مزید بحرانوں سے دوچارکیا ہے ۔آج صوبے میں مہنگائی،غربت و افلاس اور بیروزگاری عام ہے جبکہ دوسری طرف عوام کوپینے کا صاف پانی، صحت وتعلیم کے بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں ۔ اجلاس سے سینئر نائب صدر نیلوفربابر نے کہاکہ پیپلزپارٹی ایک عوامی پارٹی ہے او رآئندہ آنے والا وقت پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوگا، انہوںنے کہاکہ جس طرح صوبائی کابینہ وخواتین ونگ جس طرح صوبے کے عوام کیلئے کام کررہی ہے اور ان کے مسائل ہر فورم پر اٹھارہی ہے لوگ انہیں بھاری منڈیٹ دیکر منتخب کرینگے۔