کراچی ، ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث 2 ملزمان مبینہ مقابلے میں ہلاک

اتوار 6 اکتوبر 2024 16:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2024ء) کراچی کے علاقے شیر شاہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔چھیپا حکام کے مطابق شیر شاہ پل کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ مقابلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کی گئیں۔ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت 30 سالہ عثمان قریشی ولد ایوب قریشی اور 35 سالہ حافظ قاسم رشید ولد عبدالرشید ہزاروی کے نام سے کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق پولیس مقابلے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے ہلاک دہشت گردوں سے بارودی مواد ، دو پستول ، بال بیرنگ اور خودکش جیکٹ میں استعمال ہونے والا سامان برآمد ہواہے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ نے بتایاکہ ہلاک ملزمان کا تعلق لشکر جھنگوی سے تھا جو اب تحریک طالبان میں شامل ہوئے تھے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ اور انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مارے جانے والے دہشت گرد ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث ہونے کے علاوہ 35 سے زائد مقدمات میں ملوث تھے اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں سے ٹارگٹڈ لسٹ بھی ملی ہے جو شہر میں مزید تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔