چینی وزیراعظم 14 تا 17 اکتوبر پاکستان کا دورہ کریں گے

چینی وفد میں چین کی بین الاقوامی ترقیاتی تعاون ایجنسی کے نمائندے بھی ہوں گے

اتوار 13 اکتوبر 2024 17:00

چینی وزیراعظم 14 تا 17 اکتوبر پاکستان کا دورہ کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2024ء) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ چینی وزیراعظم وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گے، وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی کریں گے۔دورہ پاکستان میں چینی وزیراعظم کے ہمراہ وزراء اور سینئر حکام بھی ہوں گے۔ چینی وفد میں وزارت خارجہ، وزارت تجارت، قومی ترقیاتی اصلاحاتی کمیشن کے نمائندے ہوں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق چینی وفد میں چین کی بین الاقوامی ترقیاتی تعاون ایجنسی کے نمائندے بھی ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پاک چین رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی بات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم صدر آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔چینی وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔