سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کل 29 اکتوبر کو ہوں گے

Syed Shah Zeb Raza سید شاہ زیب رضا پیر 28 اکتوبر 2024 17:20

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر 2024ء ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کل 29 اکتوبر کو ہوں گے، پروفیشنل پینل کے امیدوار منیر احمد خان کاکڑ اور انڈیپنڈنٹ پینل کے رئوف عطاء کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے سال 2024/25 کل بروز منگل 29 اکتوبر کو ہوں گے جس میں ملک بھر سے سپریم کورٹ کے وکلاء حق رائے دہی استعمال کریں گے، سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں پروفیشنل پینل کے منیر احمد خان کاکڑ اور انڈیپنڈنٹ پینل کے رئوف عطاء کے درمیان مقابلہ ہے، کوئٹہ سے 1996 میں وکالت شروع کرنے والے منیر احمد خان کاکڑ ایڈووکیٹ مختلف عہدوں پر فائز رہے اور ان عہدوں کیلئے وکلاء سے جن وعدوں کی بنیاد پر ووٹ لیا تھا ان کو عملی جامہ پہنایا جس کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ کے خضدار لورالائی میں بینچوں کا قیام، بلوچستان میں کسٹم اپیلیٹ ٹریبونل، انٹیلیکچول پراپرٹی ٹریبونل ، اپیلیٹ ان لینڈ ریونیو ٹریبونل اور انفارمیشن کمیشن کے ساتھ بلوچستان کے لیے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے عہدے ،8 اگست 2016 سانحہ سول ہسپتال کوئٹہ میں شہید وکلاء کے لواحقین و زخمیوں کے لیے فنڈز کی منظوری کیلئے تگ و دو، بلوچستان کے وکلاء کے لیے علیحدہ سے ویلفیئر فنڈ و شہید وکلاء کے بچوں کے لیے علیحدہ تعلیمی فنڈ ز کا قیام، بلوچستان کے جامعات لورالائی یونیورسٹی، چاکر رند یونیورسٹی سبی، تربت یونیورسٹی اور بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں لاء فیکلٹی کا قیام، بلوچستان کے وکلاء کے لیے فارن اسکالر شپ جس کے تحت اب تک 30 وکلاء بیرون ممالک میں پی ایچ ڈی، ایل ایل ایم ، بار ایٹ لاء کی تعلیم حاصل کر چکے ہیں اور ہر سال اس اسکالرشپ پروگرام سے 5 وکلاء مستفید ہوتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے رئوف عطاء ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل و سابق نائب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن رہے ہیں۔ منیر احمد خان کاکڑ کو سردار لطیف کھوسہ گروپ، حامد خان، تحریک انصاف و دیگر جبکہ رئوف عطا کو پاکستان پیپلز پارٹی و مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل ہے۔