انجینئر امیر مقام سے نظریاتی گروپ کے رہنمائوں کی ملاقات، گروپ کے خاتمے کا اعلان

دیر آئد درست آئد ،سب کو مل کر نواز شریف ،شہباز شریف کی قیادت میں کام کرنا ہوگا، وفاقی وزیر

بدھ 30 اکتوبر 2024 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2024ء) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام و نظریاتی گروپ کے رہنمائوں نے نظریاتی گروپ کے خاتمے کا اعلان کیا۔ بدھ کو اشتیاق چٹان کی رہائش اہ پر نظریاتی مسلم لیگی رہنمائوں اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کے درمیان ملات ہوئی۔نظریاتی گروپ نی قائد نواز شریف،صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئرامیرمقام اور مرتضی جاوید عباسی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نظریاتی گروپ کے خاتمے کا اعلان کیااور کہا کہ سارے مل جل کر پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں گے۔

جرگے سے گروپ کے سربراہ عبدالسبحان خان، ملک عمران، پشاور سے گروپ کے صدر ارباب غلام حیدر خان، ایبٹ آباد سے گروپ کے صدر سردار عبدالرشید نے بھی خطاب کیا اور موجودہ صوبائی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیر آئد درست آئد۔ انہوں نے کہا کہ میں نظریاتی گروپ کے تمام لیڈران اور ورکران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آج انہوں نے گروپ ختم کرنے کا اعلان کیا اور ہم پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہم سب کو مل جل کر نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں کام کرنا ہوگا، دوسروں کے علاوہ جرگے میں مردان کے صدر عنایت شاہ باچا، صوابی کے صدر شیراز خان، بونیر کے صدر سالار خان، شانگلہ کے صدر انتخاب عالم، بابر سلیم، نوابزادہ خان، عادل خان، اجاز اکرم باچا، شاہ بخت روان خان، امین اللہ خان، لیاقت خان، اشتیاق خان، جاوید غزالی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔