بکا خیل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے ،فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت 3 جوان شہید

جمعرات 31 اکتوبر 2024 00:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2024ء) بنوں کے علاقے بکا خیل میں دہشت گردوں کے خلاف خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 30 اکتوبر 2024 کو سیکورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران پاک فوج نے خوارجیوں کے ٹھکانے پر مؤثر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں آٹھ خوارج ہلاک جبکہ سات زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادر افسر میجر عاطف خلیل (عمر: 31 سال، ضلع سدھنوتی، آزاد کشمیر کے رہائشی) جو اپنی فوج کو فرنٹ سے لیڈ کر رہے تھے کے ساتھ دو جوان، نائیک آزاد اللہ (عمر: 36 سال، ضلع کرک کے رہائشی) اور لانس نائیک غزنفر عباس (عمر: 35 سال، ضلع لیہ کے رہائشی)، بھی شہید ہو گئے۔علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے،پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کا عزم رکھتی ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔