تعلیمی بورڈ فیصل آباد کا امتحان میٹرک کلاس نہم، دہم و کمپوزٹ (اول) سالانہ 2025کے داخلہ شیڈول کا اعلان

جمعرات 31 اکتوبر 2024 12:20

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2024ء) اعلیٰ وثانوی تعلیمی بورڈفیصل آباد نے پی بی سی سی کے احکامات کی روشنی میں امتحان میٹرک کلاس نہم، دہم و کمپوزٹ (اول) سالانہ 2025کے داخلہ شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔سیکرٹری تعلیمی بورڈفیصل آباد ڈاکٹر حبیب الرحمن نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق امتحان میٹرک سالانہ (اول) 2025 انشائ اللہ 4 مارچ 2025 سے شروع ہو گا جس میں شمولیت کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 2 نومبر سے 27 نومبر 2024تک، دو گنا فیس کے ساتھ 28 نومبر سی11 دسمبرتک اور تین گنا فیس کے ساتھ 12 دسمبر سی24 دسمبر 2024تک بورڈ میں جمع کروائے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے دفتری فون نمبر0412517710 یا بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر رابطہ کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق امتحان میٹرک (سیکنڈ) سالانہ2024کے پیپرزکی سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت نتائج انتہائی احتیاط، محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ تیار کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشااللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اور غلطیوں سے مبراہیں تاہم طلباوطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے لہٰذاایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق تذبذب یاغیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے طلبا وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی