نجی کالج میں جنسی ہراسانی کی فیک نیوز پھیلانے میں ملوث صحافیوں کی عبوری ضمانت میں توسیع

پیر 4 نومبر 2024 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2024ء) لاہور کی سیشن عدالت نے لاہور کے نجی کالج میں جنسی ہراسانی کے واقعہ پر فیک نیوز پھیلانے کے الزام میں درج مقدمے میں سینئر تجزیہ کار و سابق رکنِ اسمبلی ایاز امیر، معروف وکیل نعیم بخاری ،صحافی شاکر اعوان،مقدس فاروق کی عبوری ضمانتوں میں 19 نومبر تک توسیع کردی ۔ایڈیشنل سیشن جج سیلمان گھمن نے عبوری ضمانتوں پر پیر کو سماعت کی۔

(جاری ہے)

عبوری ضمانتوں کی معیاد ختم ہونے پر صحافی شاکر اعوان ،ایاز امیر ،نعیم بخاری ،مقدس فاروق سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے ملزمان پر نجی کالج میں ہراسانی کے واقعہ کی فیک خبر وائرل کرنے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے جبکہ ملزمان پیشہ وار صحافی ہیں اور اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، تمام ملزمان تفتیش میں تعاون کے لیے تیار ہیں، عدالت ضمانت منظور کرے ۔عدالت نے تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا اور عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 19 نومبر تک توسیع کردی۔