ملک میں نظام کی تبدیلی کے بغیر حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے،شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ

جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کیلئے کوشاں ، عوام بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دیں حکومت انٹر نیٹ پر پابندیاں لگا کر آئی ٹی تعلیم کو متاثر کررہی ہے جماعت اسلامی بنو قابل پروگرام کے تحت ملک بھر میں دس لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی ایجوکیشن مفت فراہم کریگی،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 17 نومبر 2024 15:45

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2024ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک میں نظام کی تبدیلی کے بغیر حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے، جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے عوام بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، حکومت انٹر نیٹ پر پابندیاں لگا کر آئی ٹی تعلیم کو متاثر کررہی ہے جماعت اسلامی بنو قابل پروگرام کے تحت ملک بھر میں دس لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی ایجوکیشن مفت فراہم کرے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار دفتر جماعت اسلامی جہانیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع خانیوال کے امیرڈاکٹر محمد عمران فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت عوام سے ہر چیز پر ٹیکس لیتی ہے لیکن عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے سے قاصر ہے، یہ حکومت ہمارے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے سے قاصر ہے، تیرہ ہزار سکولوں کو حکم نادر شاہی کے ذریعے دوسروں کے حوالے کیا جارہا ہے ان اقدامات کے خلاف آواز اٹھائی جانی چاہیے کہ ہمارے بچوں کو حکومت معیاری تعلیم فراہم کرے یہ ہمارا حق ہے کوئی خیرات نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت انٹر نیٹ پر پابندیوں کے ذریعے آئی ٹی تعلیم اور آئی ٹی برآمدات کو متاثر کررہی ہے ،نوجوان ملک و قوم کا اثاثہ ہیں اسے ضائع ہونے سے بچانے اور ملکی ترقی کیلئے جماعت اسلامی نے بنو قابل پروگرام کے عنوان سے آئی ٹی کی مفت تعلیم کا انقلابی پروگرام شروع کردیا ہے جس کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں جماعت اسلامی ملک بھر میں دس لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی ایجوکیشن مفت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کے بغیر ملکی حالات مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہو سکتے ہیں جس کیلئے جدوجہد کرنا بھی ہم پر لازم ہے جماعت اسلامی باتیں نہیں کرتی بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جماعت اسلامی اس ملک میں نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کی جدوجہد میں مصروف ہے عوام سب جماعتوں کو آزما چکے اب جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دورسرا آپشن موجود نہیں ہے ۔