ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان جامع، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی گورننس کی جانب ایک اہم اقدام ہے،شزہ فاطمہ

منگل 19 نومبر 2024 17:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2024ء) وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے کہا ہےکہ ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان جامع، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی گورننس کی جانب ایک اہم اقدام ہے،اس اقدام سے پالیسی اور فیصلہ سازی میں عوام کی رائے اور تجاویز کی شمولیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو" ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان "کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان کی تقریب میں شرکت پر خوشی ہے، یہ شمولیت کی طرف ہمارے سفر میں تبدیلی،شفافیت اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظم و نسق کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ نظم ونسق میں طویل عرصے سے کارآمد رہے ہیں لیکن ہمارے موجودہ طریقہ کار اس پر پورے نہیں اترتے ۔

(جاری ہے)

ان میں وسائل اور شمولیت کی کمی ہے اور یہ ایڈہاک ازم پر مبنی ہیں۔

ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان سےہم نہ صرف ان چیلنجوں سے نمٹیں گے بلکہ ہم ملکی ترقی کے لئے حکومت اور شہریوں کی شمولیت ، ان کے درمیان تعاون اور مل کر کام کرنے کو یقینی بنا رہے ہیں۔ شزہ فاطمہ نے کہاکہ ہمارا قومی پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ فریم ورک2022 میں تیار کیا گیا اس میں شمولیت، شفافیت اوراحتساب کو یقینی بنانے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات ،ادارہ جاتی ہم آہنگی اورجدید ٹیکنالوجی کےاستعمال پر زور دیا گیا ہے ۔

ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان اسی وژن کی تکمیل ہے۔ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان کاپلیٹ فارم متنوع اسٹیک ہولڈرز کی شرکت کو یقینی بناتا ہے جس میں پالیسی ساز، نجی شعبے کے رہنما ء اور عام شہری شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ تخلیقی مصنوعی ذہانت اور لارج لینگویج ماڈلز (LLMs) کا استعمال، اس پلیٹ فارم پر درست رہنمائی فراہم کرتا ہے اور ثبوت پر مبنی پالیسی سازی کو فعال کرتاہے۔

اس سے کارکردگی اور شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ اس میں مکمل ریکارڈ رکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ شفافیت اور اعتماد پیدا کرنے کے لئے ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان نے اپنی صلاحیت کو ثابت کر دیا ہے۔سمیڈا کی ملک بھر میں کاروباری خواتین کی مدد کے لیے کاروباری پالیسی بہت اہم ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار نے نئی انرجی وہیکل پالیسی کے ذریعے پائیداری اور جدت کے لیے ایک پالیسی فریم ورک تشکیل دیا ہے۔

ان منصوبوں کے نتائج سے ثابت ہو تا ہے کہ ٹیکنالوجی کس طرح تبدیلی لا سکتی ہے۔ یہ پلیٹ فارم ہمیں جامع اور موثر پالیسی سازی اور سرمایہ کاری میں مدد فراہم کرے گا۔ اس پر عمل درآمد خاص طور پر ایف سی ڈی او کی مالی اعانت سے ریونیو موبلائزیشن انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈپروگرام اور تکنیکی مہارت ہمارے شراکت داروں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ۔ ہم نے ٹیکنالوجی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک معیار قائم کیا ہے۔

اچھی حکمرانی کے لئے یہ پلیٹ فارم اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ شہریوں کی بات سنی جائے اور ان پر عمل کیا جائے۔حکومت جامع اور شفاف گورننس کے لیے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ڈیجیٹل ڈائیلاگ پاکستان ایک پلیٹ فارم سے زیادہ ہمارے اس یقین کا ثبوت ہے کہ جدت اورتعاون نتیجہ خیز تبدیلی لا سکتا ہے۔ آئیے ہم مل کر اس ڈیجیٹل دور کو اپنائیں مزید شراکتی جمہوریت بنائیں اورایسی پالیسیاں بنائیں جو پاکستان کے عوام کی حقیقی امنگوں کی عکاس ہوں۔