صوبہ ہزارہ نسلی یا لسانی مطالبہ نہیں بلکہ یہ ایک انتظامی ضرورت ہے، سردارارشدکڑلال

بدھ 20 نومبر 2024 18:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2024ء) تحریک صوبہ ہزارہ کے عظیم رہنما اور قوم کے دلوں کی آواز، بابا حیدر زمان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سندھ سردار ارشد کڑلال نے کہا ہے کہ بابا حیدر زمان دلیر، عظیم رہنما اور قوم کے سرمایہ تھے جو اپنی زندگی میں ہزارہ وال قوم کے حقوق اور صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے۔

سردار ارشد کڑلال نے یہ بھی کہا کہ بابا جی کا مشن ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا، اور ہم ان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں گے۔سردار ارشد کڑلال نے اپنے بیان میں کہاکہ بابا حیدر زمان ہمارے قائد تھے اور ان کی جدوجہد کا مقصد ہمیشہ ہماری قوم کی ترقی، خوشحالی اور شناخت کا تحفظ تھا۔

(جاری ہے)

ان کی فکری رہنمائی اور عزم و حوصلے نے ہمیں تحریک صوبہ ہزارہ کے قیام کی اہمیت کا شعور دیا۔

ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم بابا جی کے مشن کو مکمل کریں گے اور صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ ہزارہ کا قیام صرف ایک نسلی یا لسانی مطالبہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک انتظامی ضرورت بن چکا ہے۔ ہمارا مطالبہ انتظامی بنیادوں پر ہے، کیونکہ اس وقت صوبہ ہزارہ کے عوام کو انتظامی لحاظ سے وہ سہولتیں اور حقوق حاصل نہیں ہیں جو ایک الگ صوبہ بنانے سے مل سکتے ہیں۔

سردار ارشد کڑلال نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کا قیام اب ہمارے لیے فرض اور شہداء کا قرض بن چکا ہے۔ وہ لوگ جو ہمارے حقوق کی لڑائی میں شہید ہوئے ہیں، ان کا خون ہمیں اس مقصد کی تکمیل کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری جدوجہد صرف ہزارہ وال قوم تک محدود نہیں، بلکہ یہ پورے پاکستان کے انتظامی نظام کی بہتری اور مساوات کے لیے ہے۔ہماری آواز کا مقصد یہ ہے کہ انتظامی سطح پر مزید صوبے بنائے جائیں تاکہ ملک بھر میں بہتر حکمرانی، ترقی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو سکے۔

سردار ارشد کڑلال نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے پوری قوم کا اتحاد ضروری ہے۔ ہم سب کو ایک نکتہ پر متحد ہونا ہوگا اور بابا حیدر زمان کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے، ہم اپنے مقصد کے حصول کے لیے جدوجہد کو تیز کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کی جدوجہد ایک قومی ایشو بن چکا ہے اور اس میں تمام جماعتوں، اداروں اور عوام کا تعاون ضروری ہے۔

سردار ارشد کڑلال نے اعلان کیا کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کی تحریک کو مزید مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے آئندہ چند دنوں میں ایک عوامی مارچ اور دیگر اہم سیاسی اقدامات کیے جائیں گے۔ ہم اپنے مطالبات کو پورے پاکستان کے عوام تک پہنچائیں گے اور ان شاء اللہ ہم اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔بابا حیدر زمان کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے، سردار ارشد کڑلال نے صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ نہ صرف ایک نسلی اور لسانی مطالبہ ہے بلکہ ایک انتظامی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ تحریک صوبہ ہزارہ کو کامیاب بنانے کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور اس مقصد کے لیے پوری قوم کو ایک ساتھ متحد کیا جائے گا۔