پاکستان میں صنعتوں کو درپیش مسائل کا حل پیش کرنے کیلئے جامعات کو کردارکرنا ہوگا ‘ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی

ہفتہ 23 نومبر 2024 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2024ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں صنعتوں کو درپیش مسائل کا حل پیش کرنے کیلئے جامعات کوکردار ادا کرنا ہوگا۔وہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس کے زیر اہتمام ’ہیلی ریسرچ ویک 2024‘کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان،کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حافظ ظفر احمد،صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں ابوذر شاد،امریکہ، دبئی سے مندوبین، ماہرین اقتصادیات، صنعتکار، پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں سے ماہرین تعلیم، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہاکہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے سب مل کر کام کریں تو کامیابی مل جائے گی۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب سے طلباء کو ماہرین کے تجربات سے سیکھنے کو ملتا ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر حافظ ظفر احمد نے کہا کہ اس تقریب سے نہ صرف طلباء کورہنمائی ملے گی بلکہ پاکستان کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملیوں کی ترغیب بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہیلی ریسرچ ویک تعلیمی اداروں اور صنعتوں کو ملانے، مکالمے کو فروغ دینے اور اگلی نسل کو بااختیار بنانے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیاکرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلی ریسرچ ویک میں پاکستان کے کاروباری شعبے کو درپیش معاشی چیلنجز، کاروباری صلاحیت، اقتصادی استحکام اور جدت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے قابل عمل حل تجویز کیے گئے ۔ انہوں نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر لاہور چیمبر آف کامرس، پینلسٹس اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔