گورنمنٹ ممتاز ڈگری کالج خیرپورکے زیراہتمام پہلی سائنسی نمائش کا انعقاد،ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے افتتاح کیا

بدھ 27 نومبر 2024 21:28

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2024ء) صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور سیکرٹری تعلیم کی ہدایت پر گورنمنٹ ممتاز ڈگری کالج خیرپور کی جانب سے سائنس، ٹیکنالوجی، آرٹس، میتھ کے مضامین کے حوالے سے پہلی سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا ، سائنسی نمائش کا افتتاح رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور کالج کے پرنسپل پروفیسر وزیر حسین شیخ نے کیا اور 16 سرکاری کالجز کے طلباء کی جانب سے مختلف پروجیکٹس کا تفصیلی معائنہ کیا ۔

سائنسی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور معلومات کے علاوہ کسی بھی شعبے میں کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی یہ نمائش پر اثر اور اہمیت کی حامل ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں درپیش مختلف چیلنجز کے حوالے سے طلبہ نے اپنی صلاحیتوں سے ان سے نمٹنے کے لیے پروجیکٹس بنائیں ہیں جو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ان طلباء کی محنت اور لگن کو آگے لانا ہوگا نوجوانوں کی ہی ملک چلانا ہے طلبہ میں ٹیلنٹ موجود ہے پراعتماد بھی ہیں سائنسی نمائش پر گورنمنٹ ممتاز کالج کی کوششیں قابل ستائس ہیں ،انہوں نے کہا کہ جدید دور میں یہ نمائش پیس آف آرٹ ثابت ہوگی جدت کی پیداوار میں اس طرح کے پروگرام سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ممتاز کالج خیرپور ریاست کے دور کا کالج ہے اس کے اساتذہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں اور کالج میں انرولمنٹ میں اضافے کے لیے مزید کام کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ممتاز کالج تعلیمی سرگرمیوں کے علاوہ کھیلوں کے لیے ہفتہ منانے کی بھی منصوبہ بندی کرے ۔ اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عبدالقادر چاچڑ، کالج کے پرنسپل پروفیسر وزیر حسین شیخ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے نمائش میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامی رقم اور ان کی جانب سے پیزا پارٹی دینے کا بھی اعلان کیا ۔

اس سے قبل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر عبدالقادر چاچڑ، کالج کے پرنسپل پروفیسر وزیر حسین شیخ نے خطبہ استقبالیہ دیا اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ تقریب میں سیاسی رہنما سید امجد علی شاہ، سیدہ مونا شاہ، پروفیسر سید مطہرزیدی، روفیسر حماد اللہ شیخ،پروفیسر سید أصف علی شاہ،پروفیسر سکندر علی بوزدار،پروفیسر سید کرم علی شاہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سید ساجد حسین شاہ، پروفیسر اعجاز احمدبھٹو،پروفیسر منظر احمد چنا،پروفیسر احمد سرکی،پروفیسر الطاف احمد شیخ،پروفیسر راحیلہ،پروفیسر شبانہ،پروفیسر محسن رضا شاہ، پروفیسر نجم الحسن، معززین شہر،سیاسی، سماجی رہنمائوں، تعلیم دوست تنظیموں، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اس موقع پرڈاکٹر نفیسہ شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کچھ سالوں سے دھرنو ں کی سیاست ہورہی ہے، پی ٹی آئی حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں محاذ آرائی کرتی رہتی ہے، بین الاقوامی صدور پاکستان آتے ہیں اس وقت ناکام دھرنا دیا جاتا ہے ملک چلنے دیا جائے، پی ٹی آئی پارلیمانی اور آئینی سیاست کرے تو بہتر ہوگا، احتجاج اگر پرامن کرنا تھا تو انتظامیہ سے بات چیت کرتے ،کچھ افراد کی شہادت کی خبریں ہیں ان دھرنوں کی وجہ سے ملک میں جانی اور مالی نقصان ہورہا ہے ،وفاقی حکومت اور وزیرداخلہ محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے تحمل سے صورتحال کو کنٹرول کیا۔