شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں سمسٹر کے اختتام پر سافٹ ویئر نمائش کا انعقاد

جمعرات 28 نومبر 2024 17:27

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2024ء) شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں سمسٹر کے اختتام پر سافٹ ویئر نمائش کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلباء و طالبات نے کیا ۔ سافٹ ویئر نمائش کا افتتاح وائس چانسلر شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیر آباد انجینئر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کیا۔

افتتاح کے موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی زرداری، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سلمان بشیر میمن، انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر معراج نبی بھٹی، مرینہ شیر باز، منظور علی سیال، آصف علی زرداری، آصف نظامانی اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سافٹ ویئر ایکسپو جاب فیئر سجانے والے اساتذہ عمیر رمضان شیخ، غلام مصطفی خاصخیلی، پرویز خاصخیلی، عظیم میرانی اور دیگر نے بتایا کہ اس ایکسپو میں طلباء کی جانب سے 25 کے قریب سافٹ ویئر ماڈلز کی نمائش کی گئی ہے۔

پروفیسر مدد علی شاہ نے کہا کہ آج کا دور کمپیوٹر کا دور ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی اس قسم کی سرگرمیوں سے دیگر یونیورسٹیز سے آگے ہے۔ اس ایکسپو کے ذریعے طلباء و طالبات کی قائدانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہیں اپنے کیریئر کے انتخاب، کاروبار کے انتخاب اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیمی قابلیت حاصل کرنے کے مواقع تلاش کرنے میں مدد کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں اندرون سندھ میں زیر تعلیم طلباء میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے آپ کو منوانے کی صلاحیت موجود ہے۔