صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے شاہ غلام قادر کی ملاقات

جمعہ 29 نومبر 2024 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2024ء) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر و سابق سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس، اسلام آباد میں ملاقات کی۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ملاقات میں سابق وزیر حکومت راجہ یاسین اور سابق ممبر کشمیر کونسل سردار نسیم سرفراز بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر و سابق سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کے درمیان مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر صدر آزادکشمیر جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر و سابق سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادرنے اس بات پر اتفاق کیا کہ اندرون و بیرون ملک مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کوبے نقاب کرنے کے لئے بھرپور انداز میں آواز بلند کی جائے گی کیونکہ بھارت نے مظلوم کشمیریوں سے جینے کا حق اور طاقت کے زور پر اُن سے حق خودارادیت چھین رکھا ہے جو کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر تمام فورمز پر بھارت کے ظالمانہ اور گھناؤنے چہرے کوبے نقاب کریں کیونکہ بھارت نے 5اگست 2019ء کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہاء کر دی ہے اور کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، اس لئے ہمیں آزادی کے بیس کیمپ سے مل کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لئے آواز بلند کرنا ہو گی اور عالمی دنیا تک مظلوم کشمیریوں کی آواز کو پہنچانا ہو گا۔

اس موقع پر ملاقات میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اورصدر پاکستان مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر و سابق سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کے درمیان آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر و سابق سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادرکے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔